فاضل راہو کی ون یونٹ کیلئے خدمات پراحسان مند ہیں، نثار کھوڑو
وہ ہمارے ہیرو، سندھ پرجان دینے والوں کوہر وقت یادرکھنا چاہیے ، پی پی رہنماشہید نے کسانوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، آمروںکا ڈٹ کرمقابلہ کیا، اسماعیل راہو
بدین (نمائندہ دنیا)سندھ کے کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے ، ایم آر ڈی تحریک کے رہنما شہیدِ عوام محمد فاضل راہو کی 39ویں برسی ان کے آبائی گاؤں راہوکی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ فاضل راہو ہم سب کے ہیرو ہیں، سندھ پر جان قربان کرنے والوں کو ہر وقت یاد رکھنا چاہیے تاکہ ان کی یادیں دلوں میں زندہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو بھی سندھ کی ہیرو تھیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آنکھوں کے سامنے پھانسی کا پھندا دیکھ کر بھی حوصلے بلند رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ بھی تسلیم کرتی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا قتل عدالتی قتل تھا۔
شہید فاضل راہو نے ون یونٹ کے خلاف جو جدوجہد کی، سندھ اس پر ان کا احسان مند ہے۔ شہیدِ عوام محمد فاضل راہو کے فرزند اور صوبائی وزیر سندھ جامعات بورڈ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ شہید محمد فاضل راہو نے کسانوں اور مقامی لوگوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ہر آمر و جابر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے معاشی، سماجی اور سیاسی حقوق سے محروم طبقات کے لیے آواز بلند کی۔ جن لوگوں سے معاشرہ نفرت کرتا تھا، شہید فاضل راہو ان کے قریب گئے ۔ تقریب کے دوران شہید فاضل راہو کی مزار پر گلوں کی چادریں چڑھائی گئیں، فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔