مقابلے میں پولیس اہلکار کی شہادت کا مقدمہ درج

مقابلے میں پولیس اہلکار کی شہادت کا مقدمہ درج

شہید اہلکار کی نماز جنازہ ادا،سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا واجد کی دو سال قبل شادی ہوئی ، دس ماہ کی بچی کا باپ تھا،اہلخانہ غم سے نڈھال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ اے تھانے میں تعینات پولیس اہلکار کے مسلح ملزم سے مقابلے کے دوران شہید کرنے کے واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار فرقان زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ ملزم شہریوں پر حملہ آور ہے ۔ ڈی ایس پی سائٹ ایریا ارشد خان نے بتایا کہ ملزم اقرار دین عرف سبو بادشاہ کے ہاتھ میں خنجر اور پستول تھا، جس سے اس نے ایک شہری کو زخمی کیا۔ پولیس نے ملزم کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کی تو اس نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار واجد شہید ہو گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہو گیا۔ہلاک ملزم کی شناخت اقرار دین عرف سبو بادشاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ اہلِ خانہ کے مطابق شہید واجد 2017 میں کراچی پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔ دو سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی اور وہ دس ماہ کی بچی کا باپ تھا۔ شہید واجد نو بہن بھائیوں کا بھائی تھا۔ واقعے کے بعد اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔شہید پولیس اہلکار واجد کی نمازِ جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں ادا کی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران، ساتھی اہلکاروں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں