زیرتعمیرمکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں کی ماں جاں بحق

 زیرتعمیرمکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں کی ماں جاں بحق

ریتی کا وزن نہ سہنے پر چھت گری،پولیس کا جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ بہن کو تشدد کر کے مارا گیا، مقتولہ کے بھائی کا الزام،شوہر زیرحراست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لطیف ٹاؤن جام کنڈو گوٹھ اللہ والا چوک کے قریب زیرتعمیرمکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے پہلے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ خاتون کی شناخت35 سالہ سیما بی بی زوجہ محمد اسحاق کے نام سے کی گئی ۔ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کے شوہرنے دو شادیاں کی ہوئی ہیں ۔پہلی بیوی سے اس کے 6 بچے اوردوسری جاں بحق بیوی سے 4 بچے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کے شوہر محمد اسحاق نے حال ہی میں جام کنڈو گوٹھ میں گھرخریدا تھا جسے وہ تعمیرکروا رہا تھا ،محمد اسحاق کی دونوں بیویوں نے اپنے شوہر کے ہمراہ ریتی گھرکی چھت پرچڑھائی، اس دوران جاں بحق خاتون کو ٹھنڈ لگنے لگی تو وہ چھت سے اترکر اسی کمرے میں بیٹھ گئی جس کی چھت پر ریت موجود تھی ۔ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ گھر کی چھت ریتی کا وزن برداشت نہیں کرسکی اور گرگئی جس کے ملبے تلے دب کرمحمد اسحاق کی دوسری بیوی سیما بی بی جاں بحق ہوگئی ۔پولیس نے جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا ہے ۔ جاں بحق خاتون کے بھائی شہزاد کا دعویٰ ہے کہ اس کی بہن چھت گرنے سے جاں بحق نہیں ہوئی بلکہ اسے تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے اور بہن کے قتل میں اس کا شوہر ملوث ہیں جو کہ پولیس کی حراست میں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں