ایران کیخلاف جارحیت، مجلس وحدت آج یوم سوگ منائے گی
سندھ بھر میں بھی اجتماعات، جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں نکالی جائینگی اجتماعات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور، سیاہ پرچم اٹھا کرشہدا سے یکجہتی کی جائیگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عالم اسلام کے عظیم رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایران میں معصوم بچیوں اور عوام سمیت دیگر ایرانی قیادت،فوجی جوانوں پر عالمی دہشتگرد امریکہ و اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف اور کراچی میں امریکی قونصلیت پر فائرنگ سے شہید عمائدین کے خلاف آج 6مارچ جمعہ کو یوم سوگ منایا جائے گا۔ اس موقع پر سندھ بالخصوص کراچی بھر کی جامع مساجد کے باہر نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور امریکہ واسرائیل کی جارحیت کیخلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ ترجمان مجلس وحدت مسلمین سندھ کا کہنا تھا کہ مقررین اپنے خطابات میں خطے میں بڑھتی کشیدگی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ، عالمی برادری،عرب حکمرانوں کی خاموشی پر سخت تشویش کا اظہار کریں گے ۔ مظاہرین سیاہ پرچم اور بینرز اٹھا کر شہداء کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے ، جبکہ سامراجی طاغوت امریکہ و اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی جائیگی، ان کے پرچم نذر آتش کئے جائینگے ۔ بعد نماز مغربین ضلعی دفاتر پر تعزیتی مجالسِ عزا ہونگی، اور شہدا کے درجات کی بلندی، عالم اسلام کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امریکی و اسرائیلی مداخلت کی واضح مذمت کرے اور مظلوم اقوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ کرے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو اس نازک موقع پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔