اسلام آباد راولپنڈی:مہنگائی کیخلاف کریک ڈائون،59گراں فروش گرفتار،50عمارتیں سیل

اسلام آباد راولپنڈی:مہنگائی کیخلاف کریک ڈائون،59گراں فروش گرفتار،50عمارتیں سیل

جی سکس سے 7، جی 10سے 6، سرائے خربوزہ سے 8، بارہ کہو سے 5،پاکستان ٹاؤن سے 4، آئی ایٹ سے 4 دکاندارگرفتار راولپنڈی میں 2601انسپکشنز،3,95,500روپے جرمانے،22گرفتار ، نگرانی مزید سخت کی جائے، کمشنر کی ہدایت

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے، نیوز رپورٹر) جڑواں شہروں میں اشیا ئے صرف مہنگی فروخت کرنے پر کارروائیاں، 59دکاندار گرفتار، 50سے زائد عمارتیں سیل، لاکھوں کے جرمانے، اسلام آباد انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 37گراں فروش گرفتار کر لئے۔  اسلام آباد میں سرکاری نرخ نامہ پر عمل درآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، رمضان سہولت بازاروں کے علاوہ دیگر مارکیٹوں میں بھی ریلیف کی فراہمی جا رہی ہے، اے سی سٹی کی جانب سے جی سکس میں کارروائی 7، سیکٹر جی 10سے 6، سرائے خربوزہ سے 8، بارہ کہو سے 5، پاکستان ٹاؤن سے 4، آئی ایٹ سے 4، جی ایٹ سے 2گراں فروش حوالات منتقل کر دیئے گئے۔ سرکاری نرخ نامہ پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز سرپرائز وزٹ کریں، ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کسی صورت ممکن نہیں، شہری بغیر ریٹ لسٹ اشیاء بیچنے والے دکانداروں کی فی الفور نشاندہی کریں۔ ادھر راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر چیکنگ کرتے ہوئے 2601انسپکشنز کی گئیں جن میں 88مقامات پر خلاف ورزی رپورٹ ہوئی۔ مجموعی طور پر 3,95,500روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 22افراد کو گرفتار اور 50عمارتیں سیل کی گئیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، طلب و رسد کی صورتحال اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں اور بازاروں میں باقاعدگی سے چیکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی تاجر یا دکاندار موجودہ حالات یا رمضان المبارک کے دوران بڑھتی ہوئی طلب کا ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکے ۔ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں