گراں فروشوں کے خلاف مہم تیز، 185 دکانداروں پر جرمانہ
اشیاء کی آن اسپاٹ آکشن کا فیصلہ،کمشنر کی رعایت نہ برتنے کی ہدایت11لاکھ 71 ہزار روپے جرمانے ،شہریوں کو شکایات درج کرانے کی ترغیب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کی گراں فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہ کریں۔ زیادہ سے زیادہ مقامات پر سرکاری نرخوں پر اشیاء کا ان اسپاٹ آکشن کیا جائے ، اس سے سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی کی کوششوں میں مدد ملے گی اور شہریوں کو مناسب ریلیف فراہم کیا جا سکے گا۔ دریں اثنا کمشنر کراچی کے افسران پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، ایڈیشنل کمشنر ٹو اسداللہ کھوسو، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سجاد آبڑو اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل وقاص عباسی نے کمشنرکو پیش کی گئی تفصیلی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان اسپاٹ اکشن کی وجہ سے شہریوں کو فوری ریلیف ملا ہے اور مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں معتدل رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم افراد نے شکایتی مراکز سے مدد لی ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو گراں فروشی کی شکایت کرنے پر راغب کریں تاکہ موثر کارروائی ہو سکے ۔ کمشنر آفس نے پندرہویں رمضان کو گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی جانے والی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 15 ویں رمضان کو 185 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ مجموعی طور پر گراں فروشوں پر 11 لاکھ 71 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا تاکہ مستقبل میں ایسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔