باغ ابنِ قاسم میں جدید پویلین سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

باغ ابنِ قاسم میں جدید پویلین سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہوگا، فزیبلٹی رپورٹ طلبپویلین تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے موثر پلیٹ فارم فراہم کریگا،میئر

کراچی(این این آئی)بلدیہ عظمی نے شہر میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، مقامی صنعتوں کی معاونت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے جدید ایکسپو پویلین سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، مجوزہ مرکز کو دبئی میں منعقدہ ورلڈ ایکسپو 2020 کے پاکستان پویلین کے طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔میئر بیرسٹر مرتضی وہاب نے یہ بات سول سوسائٹی کے نمایاں ارکان کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کہی۔میئرنے کہا کہ مجوزہ ایکسپو پویلین سینٹر کراچی کی صنعتی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں مقامی مصنوعات کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں تک متعارف کرایا جا سکے گا،یہ مرکز باغ ابنِ قاسم میں قائم کیا جائے گا،اگر کراچی کے تاجروں اور صنعتوں کو مناسب سہولتوں فراہم کی جائیں اور تجارتی روابط کو موثر انداز میں فروغ دیا جائے تو شہر کیلئے آمدنی، کاروبار اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور کراچی کو دوبارہ عالمی تجارتی مرکز کے طور پر ابھارا جا سکتا ہے ۔اجلاس کے دوران میئر نے میونسپل کمشنر سید ابرار جعفر کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے ایک جامع فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے اور باغ ابنِ قاسم میں اندرونی نمائشی مرکز کے قیام کیلئے مناسب اراضی مختص کی جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)کے تحت مکمل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں