سیکپو کی کارکردگی سے عوام مایوس، نجکاری کا مطالبہ کردیا
رمضان میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ، ڈیڈکشن بل بھیجنے کا سلسلہ جاریلائن لاسز کا بوجھ عام صارفین پر منتقل، عملہ عیاشیاں کررہا ہے ، گفتگو
سکھر(بیورو رپورٹ)سیپکو کی کارکردگی سے عوام مایوس ہوگئے ، انہوں نے ادارے کی نجکاری کا مطالبہ کردیا۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی سیپکو کی جانب سے طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، جبکہ صارفین کو عید کے دن نزدیک آنے کے ساتھ ساتھ بھاری ڈیڈکشن بل ارسال کردیئے ہیں، اس حوالے سے متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ سیپکو کے نااہل میٹر ریڈر اور نااہل عملہ لائن لاسز کا بوجھ عام صارفین پر ڈال کر ڈڈیکشن بل ارسال کر رہا ہے ، انہوں نے الزام لگایا کہ سیپکو سب ڈویژن ون کا عملہ خود بجلی چوری میں ملوث ہے ، متاثرہ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیپکو اپنی جیبیں گرم کرکے عام صارف پر اپنی چوری کا بوجھ ڈال رہا ہے ، اگر ان کے اہل و عیال کے اثاثے چیک کئے جائیں تو انہوں نے پوری زندگی میں اتنی تنخواہیں نہیں لی ہو گی جتنے ان کے اثاثہ جات ہیں، عام صارفین پر ڈیڈکشن کے حوالے سے سکھر کی سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں سمیت سول سوسائٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سپیکو عام صارفین کو ڈیڈکشن شدہ بل ارسال کرکے ان کا معاشی قتل کر رہی ہے ، ہمارا وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ ہے کہ وہ سیپکو میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔