روہڑی اسٹیشن:قلیوں کا مالی امداد، راشن کے لئے احتجاج
رمضان میں مسافروں کی تعداد کم، بچوں کا پیٹ پالنے میں دشواری ہے ، گفتگوریلوے افسران سیاسی وسماجی تنظیموں، مخیر حضرات سے مالی مدد کرنے کا مطالبہ
روہڑی(نامہ نگار)روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قلیوں نے راشن اور مالی مدد کے لئے مظاہرہ کیا، انہوں نے ریلوے افسران، سیاسی وسماجی تنظیموں اور مخیر حضرات سے مالی مدد کرنے کی اپیل کی، اس ضمن ملک کے اہم ترین ریلوے اسٹیشن روہڑی کے قلیوں منیر چانڈیو، امتیاز بلوچ، نصیر اللہ میہر، زاہد ساخانی، رشید کھوسہ، سبحان علی چانڈیو ودیگر نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کا سامان اٹھا کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی ہو جاتی ہے ، جس کے باعث انہیں مناسب مزدوری نہیں مل رہی، جس سے ان کی آمدنی تقریباً ختم ہو چکی ہے ۔ مزدوروں کے مطابق کئی دن ایسے گزرتے ہیں کہ وہ خالی ہاتھ گھر لوٹتے ہیں، جس سے گھر کا خرچ چلانا، بچوں کی تعلیم اور روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار کی کمی سے زندگی عذاب بن گئی ہے اور بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قلیوں نے وفاقی وزیر ڈی ایس ریلوے سیاسی سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قلیوں کو ریلیف پیکیج دیکر مالی مدد کی جائے ۔