آپریشن غضب للحق،پاک فوج سے یکجہتی،ڈاؤ یونیورسٹی میںریلیاں
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پرانعقاد، قیادت وائس چانسلر نازلی حسین نے کیینگ ڈاکٹرز، طلبا، پیرا میڈیکل اسٹاف شریک، مسلح افواج قوم کی ڈھال، وی سی
کراچی (سٹی ڈیسک)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پاک فوج اور آپریشن غضب للحق سے اظہارِ یکجہتی کیلئے اوجھا کیمپس اور ڈاؤ میڈیکل کالج کیمپس میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلیاں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات پر منعقد کی گئیں اور ان کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے کی۔ ریلیوں میں فیکلٹی ممبران، ینگ ڈاکٹرز، طلبہ و طالبات، پیرامیڈیکل اسٹاف اور غیر تدریسی عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، انہوں نے حب الوطنی کے نعرے لگائے اور قومی یکجہتی، امن اور پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی ڈھال ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی کوئی سازش اس ملک کے خلاف کامیاب نہیں ہو سکتی جو اتحاد اور عزم کی قوت سے مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاک افواج کے لیے ہماری حمایت واضح، مستقل اور غیر متزلزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن غضب للحق قومی عزم اور اجتماعی قوت کا پیغام ہے ۔ ان کا کہنا تھا، ہماری مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ جبکہ ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ پروفیشنلز انسانی جانوں کی حفاظت کرتے ہیں۔