سندھ ہائیکورٹ:سینما کی جگہ پلازا تعمیر، فریقین کونوٹس جاری
سینما کیلئے مختص اراضی پررہائشی اسکیم تعمیر کرنا خلاف قانون ہے ، درخواست گزارسہیل جبار کو دی جانیوالی سنگین دھمکی عدلیہ پر حملے کے مترادف ہے ، ہائیکورٹ بار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بنچ نے پرانی سبزی منڈی میں سینما کی جگہ رہائشی پلازہ تعمیر کرنے کیخلاف درخواست پر بلڈنگ اتھارٹی ودیگر فریقین کو 27 مئی کیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔ درخواست گزار راشد علی نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قواعد کے مطابق سینما کیلئے مختص اراضی کورہائشی اسکیم میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا، لیکن اس کے باوجود متعلقہ حکام نے اس غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس سلسلے میں بلڈنگ اتھارٹی کو متعدد درخواستیں دی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بلڈر اور بلڈنگ اتھارٹی کے متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دے ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور چیئرمین اپیلٹ کونسل لوکل گورنمنٹ سہیل جبار ملک کو دی جانیوالی سنگین دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو عدلیہ کی آزادی اور وقار پر حملہ قرار دیدیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ معزز جج کے چیمبر سے ایک گولی اور دھمکی آمیز خط ملا، جس میں قتل کی کھلی دھمکی دی گئی۔ واقعے نے عدالتی افسران اور عملے میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔ یہ اقدام عدالتی اداروں کی آزادی، وقار اور حرمت کیلئے بھی خطرہ ہے ۔ بار نے آئی جی سے مطالبہ کیا کہ جج صاحبان کوفول پروف سکیورٹی دی جائے اور اس گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے ۔