پیپلز پارٹی سندھ سے غداری کاسوچ بھی نہیں سکتی، بلند خان
فنکشنل لیگ والوں کے بزرگ ماضی میں پی پی میں رہے ، ترجمان سندھ حکومتپی پی کے خلاف اتحاد پہلے ناکام آئندہ بھی کامیاب نہیں ہونگے ، لاڑکانہ میں گفتگو
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) ترجمان سندھ حکومت بلند خان جونیجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتی، جو لوگ آج فنکشنل لیگ میں ہیں، ان کی اہمیت بھی پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے کیونکہ ماضی میں وہ خود یا ان کے بزرگ پیپلز پارٹی میں شامل رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کرسکتی، اسی لیے ہر انتخابات میں اس کے خلاف اتحاد بنتے ہیں، مگر سندھ کے عوام ہر بار پہلے سے زیادہ ووٹ دے کر پیپلز پارٹی کو مضبوط کرتے ہیں، اس بار بھی مخالفین کو ماضی سے زیادہ شکست ہوگی اور پیپلز پارٹی مخالف اتحاد کو توڑ دے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 14 سال قید کاٹی، فریال تالپور کو بھی گرفتار کیا گیا مگر کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا، مخالفین کے پاس سندھ دوست کوئی منصوبہ نہیں، اس لیے وہ کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بلاخوف احتساب کا سامنا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرے گی، انہوں نے کہا کہ ماضی میں فنکشنل لیگ کا کردار عوام دوست نہیں رہا، انہوں نے سندھ مخالف منصوبے کالا باغ ڈیم کی حمایت میں جلوس نکالے ، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے ساتھ مل کر اس منصوبے کے خلاف احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ فنکشنل لیگ آمروں کے ساتھ کھڑی رہی اور سندھ کے مفادات کا سودا کیا، جسے عوام نے مسترد کردیا۔