منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن
کارروائیوں کے دوران منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد ،ملزمان گرفتارمسافر بس کے ذریعے بلوچستان سے اسمگل کی جانے والی چھالیہ اورگٹکا برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیں، ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کے علاقے موچکو چیک پوسٹ پر پولیس نے دوران چیکنگ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سپلائی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر بلوچستان کے علاقے حب چوکی سے منشیات کراچی منتقل کر رہے تھے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 کلو 900 گرام اعلیٰ کوالٹی چرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ملزمان کی شناخت محمد فیاض اور مسلم کے نام سے ہوئی ہے ، تھانہ سائٹ بی پولیس نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اور انڈین گٹکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق مسافر بس کے ذریعے بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جانے والی 438 کلو چھالیہ اور 11 پیکٹ گٹکا برآمد کیے گئے ۔ اس کارروائی میں چار ملزمان لقمان، انور حسین، کرشنا اور سورج کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، دوسری جانب سچل پولیس نے خفیہ اطلاع پر سپر ہائی وے کے قریب کوئٹہ بس اڈے پر چھاپہ مار کر 190 سے زائد نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے ڈنڈے اور 15 بورے چھالیہ برآمد کر لیے ۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ادھر بغدادی پولیس نے چار منشیات ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی کرسٹل اور آئس منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار افراد میں آصف عرف چمپا، کاشف فرحان عرف خلیفہ اور عبدالخالق شامل ہیں۔