پٹرول سستا مگر عوام مہنگائی کے شکنجے میں ہیں ، سنی تحریک
ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں،بلال قادریقیمتوں میں کمی کا فائدہ نہ دینا کھلی ناانصافی،حکومت کی رٹ کہاں ہے ،مرکزی صدر
کراچی (سٹی ڈیسک)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر اپنے جاری بیان میں کہا کہ یہ صورتحال حکومتی رٹ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔عوام کو ریلیف دینے کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتی ہے تو اس کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر پڑنا چاہیے ،مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا۔ٹرانسپورٹرز کھلے عام من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔اسی طرح دکاندار اور ذخیرہ اندوز عناصر بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ قانون کی صریح خلاف ورزی بھی ہے ۔حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے ،مارکیٹوں میں چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس طوفان نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک نہ پہنچانا سراسر ناانصافی ہے ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مفادات کا تحفظ کرے ۔اگر فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں واضح کمی نہ کی گئی تو عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرے گی۔