ڈپٹی کمشنر کاڈسکہ میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ
زیر تعمیر نالہ جات کی تعمیر جلد مکمل کر کے انہیں فعال بنایا جائے :صبا اصغر
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر نے ڈسکہ میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پرجاری کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سیوریج سسٹم بہتری، سڑکوں کی بحالی اور نکاسی آب منصوبوں پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا جلد از جلد ازالہ ممکن ہو سکے اور معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مشن کمپاؤنڈ میں زیر تعمیر 10 لاکھ گیلن گنجائش کے بارشی پانی کے اندر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس ٹینک میں جمع ہونے والا بارشی پانی قابلِ استعمال بنایا جائے گاجبکہ سٹوریج ٹینک کے اوپر 2300 اسکوائر فٹ پر لینڈ اسکیپ پارکس بھی تعمیر کیا جائے گا جس پر وکٹورین لائٹس اور دیگر تفریحی سہولیات فراہمی کی جائیں گی۔اس موقع پر رانا ابرار (ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ)اور صائم سرور (ایم او سروسز) نے جاری منصوبوں پربریفنگ دی۔ سعدیہ جعفر (اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ)بھی موقع پر موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے حکام کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر نالہ جات کی تعمیر جلد مکمل کر کے انہیں فعال بنایا جائے جبکہ پرانے سیوریج سسٹم کی ڈی سلٹنگ کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ نکاسی آب نظام کو مؤثر بنایا جا سکے ۔