عیدالاضحی پر آلائشیں پھاڑنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
آلائشیں اٹھانے کیلئے بائیوڈیگریڈیبل بیگز اور خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہسینیٹری ورکرز کی کمی پر 20ہزار جرمانہ، اضافی تنخواہیں دی جائیں،طارق نظامانی
کراچی (این این آئی)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، طارق علی نظامانی کی زیرِ صدارت اجلاس میں عیدالاضحی انتظامات کے سلسلے میں متعلقہ افسران اور نجی کمپنیزکے عہدیداران نے کنٹی جنسی پلان پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو چیرپھاڑ کرنے والے گروہ، افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ویجیلنس ٹیم ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرے گی جو آلائشوں کو چیرپھاڑ کرکے چربی اور دیگر اشیا نکالنے کے بعد گندگی پھیلاتے ہیں۔کمپنیز تمام اضلاع میں آلائشوں کو اٹھانے کیلئے بائیوڈیگریڈیبل بیگ کلیکشن پوائنٹس پر فراہم کرنے کے انتظامات کرے گی۔ معاہدے کے مطابق عید کے دوران سینٹری ورکرز کی کمی کی صورت میں کمپنیز پر فی لیبر20 ہزارجرمانہ عائدکیا جائے گا۔ انہوں نے کمپنی کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹری ورکرزعید کے دوران گرمی میں سخت محنت کرتے ہیں لہذا عید کے دوران سینیٹری ورکرز اور دیگر عملے کی تنخواہیں اضافی دی جائیں۔انہوں نے آلائشوں کو مدفون کرنے کے لئے لینڈ فل سائٹس پر ٹرینچزکے لئے جگہ مختص کرنے ، آپریشن کے لئے تمام مشینری اور چونے کے انتظامات، فیومیگیشن یقینی بنانے ، آلائشوں کے ٹرک کورڈکرکے لینڈ فل سائٹس منتقلی، جی ٹی ایس اور لینڈ فل سائٹ پر وزن چیک کرنے کی مشین فعال رکھنے اور ضروری مین ٹینس کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ عید سے قبل عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کا خاتمہ اور جی ٹی ایس مکمل صاف کیا جائے ۔