حیدر آباد:غیر قانونی پانی کنکشن، نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری

حیدر آباد:غیر قانونی پانی کنکشن، نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری

کارپوریشن کا غیر قانونی کنکشنز کو رجسٹرڈ کروانے کیلئے 15دن کا حتمی الٹی میٹم جاریصارفین قانونی پیچیدگیوں، کنکشن کٹنے سے بچنے کیلئے واجبات فوری ادا کریں، سی ای او

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)چیف ایگزیکٹو حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن طفیل احمد ابڑو نے پانی کے غیر قانونی کنکشنز رکھنے والے صارفین اور نادہندگان کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ کارپوریشن نے غیر قانونی کنکشنز کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے 15 یوم کا حتمی الٹی میٹم جاری کر دیا ہے ۔ میڈیا سیل حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کا پوریشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی کے بلوں کی مد میں واجب الادا رقوم کی وصولی کے لیے ایک اسپیشل ریکوری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سی ای او طفیل احمد ابڑو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کے غیر قانونی کنکشنز کو رضاکارانہ طور پر ریگولرائز کروا کر ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ کمرشل اور گھریلو صارفین جو بار بار یاد دہانی کے باوجود بقایا جات کی ادائیگی نہیں کر رہے یا غیر قانونی طریقوں سے پانی حاصل کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ کارپوریشن نے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ قانونی پیچیدگیوں اور کنکشن منقطع ہونے سے بچنے کے لیے اپنے ذمہ تمام واجبات فوری ادا کریں اور غیر قانونی کنکشنز کو 15 دن کے اندر مروجہ طریقہ کار کے تحت رجسٹرڈ کروائیں۔مقررہ مدت کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں