میرپور خاص:جرائم پیشہ گینگ کے سرغنہ کو10سال قید وجرمانہ
ولی محمد عرف ولودو کاٹنڈو جان سے تعلق، سرکار کی مدعیت میں مقدمے پرسزاپولیس نے مجرم کو سخت سکیورٹی میں سینٹرل جیل میرپور خاص منتقل کردیا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ٹنڈو جان محمد سے تعلق رکھنے والے مبینہ مشہور ٹھگ اور جرائم پیشہ گینگ کے سرغنہ ولی محمد عرف ولودو چانڈیو کو عدالت کی جانب سے منشیات کیس میں 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی، فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج میرپورخاص کی عدالت نے غریب آباد پولیس اسٹیشن کی جانب سے سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اہم فیصلہ سنایا، عدالت نے مجرم ولی محمد چانڈیو کے خلاف چرس برآمد ہونے کا الزام ثابت ہونے پر اسے 10 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید قید بھگتنی ہوگی، عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے مجرم کو سخت سکیورٹی میں سینٹرل جیل میرپورخاص منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق مجرم کا تعلق ٹنڈو جان محمد میں سرگرم ایک مبینہ ٹھگ گروہ سے بتایا جاتا ہے ، جبکہ اس کے خلاف مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات فروش عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ بنایا جاسکے ۔ دوسری جانب شہری، سماجی اور عوامی حلقوں نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے جرائم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان کے قیام میں مدد ملے گی۔