مہنگائی نے قربانی کے جانوروں کی خریداری مشکل بنا دی

مہنگائی نے قربانی کے جانوروں کی خریداری مشکل بنا دی

لیاری بکرا پیڑی میں خریدار کم، قیمتوں میں لاکھ روپے تک اضافہ،شہری پریشانخوراک اور ٹرانسپورٹ مہنگی ہونے سے قیمتیں کم کرنا ممکن نہیں رہا، بیوپاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عیدالاضحیٰ میں دو ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا،تاہم مہنگائی نے جانوروں کی خریداری کوشہریوں کیلئے بڑا چیلنج بنا دیا ہے ۔مشہور لیاری بکرا پیڑی میں اس بار خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ شدید گرمی کے باعث مویشی منڈیوں کی رونقیں بھی ماند پڑگئی ہیں۔ لیاری بکرا پیڑی میں آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوپاری قربانی کے جانوروں کی بہت زیادہ قیمتیں طلب کررہے ہیں،بیس سے پچیس کلو وزن کے بکرے کی قیمت ستر سے اسی ہزار روپے تک بتائی جارہی ہے جبکہ بڑے جانور کی قیمتیں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک زائد ہیں۔ خریداروں نے شکایت کی کہ مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات پہلے ہی بڑھ چکے ہیں، ایسے میں قربانی کے جانور خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خوراک، ٹرانسپورٹ، دیکھ بھال اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث قیمتیں کم کرنا ممکن نہیں رہا۔ منڈی میں جانور لانے کے بعد صرف فیس ہی نہیں بلکہ بجلی اور پانی کے اخراجات بھی انہیں برداشت کرنا پڑتے ہیں۔بیوپاریوں کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس بڑی تعداد میں جانور فروخت نہیں ہوسکے تھے جس کے باعث آخری وقت میں مویشی منڈیوں میں قیمتیں کم ہوگئی تھیں،تاہم بیوپاریوں کو امید ہے کہ اس مرتبہ آخری دنوں میں اوپر جائے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں