محراب پور:بدنام رسم کاروکاری کے الزام پرخاتون قتل
پکا چانگ میں 3بچوں کی ماں صغریٰ پر کلہاڑیوں کے وار، ملزم فرار ہوگیاپھل میں نوجوان کی خودکشی، ٹنڈو آدم میں ٹرین سے کٹ کر نوجوان ہلاک
محراب پور، ٹنڈو آدم (نمائندگان)محراب پور میں بدنام رسم سیاہ کاری کے الزام پرخاتون کو قتل کردیا گیا، جبکہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی، ٹنڈو آدم میں ٹرین سے کٹ کر نوجوان ہلاک ہوگیا۔ محراب پور میں ایک اور حوا کی بیٹی بدنام رسم کارو کاری کی بھینٹ چڑھ گئی، واقعہ پکا چانگ تھانے کی حدود گاؤں اللہ جڑیو شر میں پیش آیا، جہاں وحشی علی رضا شر نے اپنی بہن مسمات صغریٰ شر کو کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی، لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی گئی۔
دوسری جانب پھل تھانے کی حدود گاؤں ماکو سنگراسی راجپر میں نوجوان ثناء اللہ راجپر ولد سلیمان راجپر نے گھریلو مسائل کے باعث گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی ہے ، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ ٹنڈو آدم کے علاقے ہٹی مل کے قریب کراچی جانیوالی سکھر ایکسپریس کی زد میں آکر 35سالہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ریلوے پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کردی، متوفی کی شناخت نہ ہوئی۔