روہڑی کے میاں عبدالقوی فیملی پارک میں آتشزدگی، کینٹین خاکستر
شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، فائر بریگیڈ نے بجھائی، لاکھوں روپے کاسامان راکھ
روہڑی (نمائندہ دنیا) تاریخی لینس ڈاؤن پل، جمالو پارک اور نیوی پارک کے قریب واقع میاں عبدالقوی روہڑی فیملی پارک میں جمعہ کی صبح مبینہ شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں پارک کی کینٹین اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، عینی شاہدین کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کینٹین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ روہڑی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیاجس کے باعث مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا، پارک میں موجود شہریوں کے مطابق گزشتہ روز قریبی جمالو پارک میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران مشینری کے استعمال کے باعث بجلی کی بعض تاروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا شہریوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے چند لمحوں میں کینٹین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم آتشزدگی کی اصل وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا، وزیر بلدیات ناصر شاہ کے فوکل پرسن عرفان علی داؤد پوتہ موقع پر پہنچے انہوں نے آتشزدگی سے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا۔