ایجوکیشن معاملات میں مداخلت، نجی ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کی درخواست

ایجوکیشن معاملات میں مداخلت، نجی ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کی درخواست

ڈی ای اوجیکب آباد نے اینٹی کرپشن کراچی کوخط لکھ دیا، ایجنٹ حقائق مسخ کررہےسروس کیسز، بھرتی ریکارڈ، پوسٹنگ، تبادلے ودیگر انتظامی امور میں مداخلت جاری

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری خدا بخش دایو نے نجی ایجنٹوں اور غیر مجاز افراد کے محکمہ تعلیم کے سرکاری معاملات میں مبینہ مداخلت کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کراچی کو کارروائی کیلئے خط ارسال کر دیا، جاری مراسلے کے مطابق بعض نجی ایجنٹ اور غیر مجاز افراد اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے مختلف سرکاری معاملات جن میں سروس کیسز، بھرتیوں کا ریکارڈ، پوسٹنگ، تبادلے اور دیگر انتظامی امور شامل ہیں میں مداخلت کر رہے ہیں، خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ اطلاع ملی ہے کہ مذکورہ افراد حقائق کو مسخ کرکے پیش کرتے ہیں، سینئر سرکاری افسران کے ناموں کا غیر قانونی استعمال کرتے ہیں اور ذاتی مفادات کے کیلئے محکمانہ حکام اور عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

ایسے اقدامات متعلقہ قوانین کے تحت جرائم کے زمرے میں آتے اور سرکاری قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہیں جس سے سرکاری امور میں رکاوٹ، غیر ضروری تاخیر اور محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے کسی بھی نجی ایجنٹ کو سرکاری معاملات کی نمائندگی یا ان میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں اور تمام امور میرٹ، قواعد و ضوابط اور قانونی طریقہ کار کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں، خط میں اینٹی کرپشن سے درخواست کی گئی کہ نامزد غیر مجاز ایجنٹوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے مکمل تحقیقات کی جائیں اور ایسے اقدامات کے خاتمے کیلئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں