سبزی منڈی 25برس بعد بھی بنیادی سہولیات سے محروم
صوبائی محتسب کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بنائی گئی کمیٹی بھی کاغذی ثابت ہوئی
کراچی (این این آئی)سپر ہائی وے پر قائم کراچی سبزی منڈی 25برس گذرنے کے باوجود تاحال بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ،سبزی منڈی میں ڈھائی دہائیوں بعد بھی مکمل طور پر پانی گیس اور بجلی فراہم نہیں کی جاسکی ہے ۔صفائی ستھرائی کا نام و نشان نہیں،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،سبزی اور پھلوں کے تاجر پانی کا ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ پر حالیہ دنوں لگائے گئے پیور بلاک بھی اکھڑنے لگے ہیں۔ سبزی منڈی کا ایک اور دیرینہ مسئلہ تجاوزات ہیں جن کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا ہے ،کمشنر کراچی کی ہدایت پر حال ہی میں منڈی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا مگر تجاوزات دوبارہ قائم ہو گئیں،فروٹ اسٹریٹ کی مرکزی شاہراہ پر گلی سڑی سبزیاں اور پھل پھینکنے سے تعفن اٹھ رہا ہے ۔ خریداروں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبائی محتسب نے سبزی منڈی میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے کمشنر کراچی،ڈی جی رینجرز،کے الیکٹرک،واٹر بورڈ اورایس بی سی اے کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کی تھی، مگر آج کمیٹی ہے اور نہ ہی محتسب کے فیصلے پر عملدر آمد کیا جا رہا ہے ۔تاجر ایڈمنسٹریٹر نظام سے مطمئن تھے ،تاہم اب موجودہ چیئرمین شپ نظام سے نالاں نظر آتے ہیں،منڈی میں مبینہ طور پر رشوت کا بازار گرم ہے ،مختص دکانیں جو کے ایم سی الاٹیز کو دی جانی تھی مبینہ رشوت کے عوض دوسروں کو الا ٹ کر کے ٹرانسفر کرنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے ،متعلقہ اداروں،قومی احتساب بیورو،اور انسداد رشوت ستانی نے بھی مبینہ کرپشن کے معاملات سے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔