سیالکوٹ :ما حولیاتی آ لود گی پھیلانے پر فیٹ میلٹنگ یونٹ مسمار
ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں جاری ہیں:اے سی سمبڑیال
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا‘ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تحصیل سمبڑیال میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عابد فیٹ میلٹنگ یونٹ کو مسمار کر دیا۔کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس اور ٹیم نے بھی حصہ لیا۔یہ کارروائی پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن (سموگ پریوینشن اینڈ کنٹرول)رولز 2023کے تحت عمل میں لائی گئی جن کے مطابق فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا سبب بننے والی صنعتی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ یونٹ سے خارج ہونیوالا دھواں اور دیگر آلودگی شہریوں کی صحت اور ماحول کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہی تھی۔ حکومت پنجاب کی سموگ کے خاتمے اور ماحول دوست پالیسی کے تحت آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔