شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ ، چہری سراپا احتجاج ، سڑکیں بلاک

 شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ ، چہری سراپا احتجاج ، سڑکیں بلاک

کورنگی، بھٹائی کالونی اور قیوم آباد کے مکین سڑکوں پر نکل آئے ،کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی ،ٹریفک نظام مفلوج احتجاج کے باعث دفتر سے گھروں کو جانے والے افراد اور مریضوں کو لے جانے والی گاڑیاں بھی ٹریفک جام میں پھنس گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ، کورنگی کراسنگ اور قیوم آباد میں احتجاج، ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے دوران طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا،مختلف علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے تک بجلی کی بندش کے خلاف کورنگی، بھٹائی کالونی اور قیوم آباد کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرے کیے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کورنگی کراسنگ پر بھٹائی کالونی کے رہائشیوں نے بجلی اور پانی کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش نے معمولات زندگی مفلوج کرکے رکھ دیے ہیں جبکہ پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔احتجاج میں خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ گرمی کی شدت میں طویل لوڈشیڈنگ نے گھروں میں رہنا بھی دشوار بنا دیا ہے۔

دوسری جانب قیوم آباد چورنگی پر بھی بجلی سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مختلف مقامات پر احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ کورنگی، قیوم آباد اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکوں کی بندش کے باعث متبادل راستوں پر بھی گاڑیوں کا غیر معمولی دباؤ رہا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دفتر سے گھروں کو جانے والے افراد اور مریضوں کو لے جانے والی گاڑیاں بھی ٹریفک جام میں پھنس گئیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ بعد ازاں پولیس اور انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔ سڑکوں پر پھنسنے والے شہریوں نے کے الیکٹرک انتظامیہ اور حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں شہر کو بجلی بحران میں مبتلا کردیا گیا، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بل ادا کرنے والے صارفین بھی پریشان ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں