اندرون سندھ:حادثات، واقعات میں 4جاں بحق،4لاشیں برآمد
دولت پور میں موٹرسائیکل سوار 2بھائی علی حیدر اور وکیل اوٹھو ٹریلر تلے کچے گئےکیٹی جتوئی میں بختاور بچے سمیت دریامیں کودی،لاشیں حب ودیگر مقامات سے ملیں
دولت پور، حب، محراب پور، لاڑکانہ (نمائندگان دنیا، بیورو رپوٹ)اندرون سندھ ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں 4 افراد جاں بحق، نومولود سمیت 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ دولت پور قومی شاہراہ ڈگری کالج کے مقام پر ٹریلر کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے گاؤں دولو اوٹھو کے رہائشی2 بھائی علی حیدر اور وکیل ولد جعفر اوٹھو جاں بحق ہوگئے۔ حب میں گڈانی بس اسٹاپ کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے حب سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق کیٹی جتوئی میں گھریلو مسائل، ناچاقی کے باعث بختاور زوجہ بشیر جتوئی نے اپنے دودھ پیتے بچے سمیت دریائے سندھ میں کود کر خودکشی کرلی۔ خاتون کی لاش برآمد، جبکہ معصوم بچے کی تلاش جاری ہے۔
جبکہ ٹیموڑ شاخ کے کنارے معذور عاشق ابڑو ولد نواب ابڑو کی درخت سے پھندا لگی لاش ملی۔ادھر فیض گنج شاخ سے نومولود کی لاش ملی، جسے پولیس نے اسپتال منتقل کر دیا۔ جاتی کے قریب گاؤں انب ملاح میں 15 سالہ عاشق علی ولد اللہ بخش ملاح کی درخت سے لٹکی ہوئی لاش ملی۔ پنگریو کے نواحی گاؤں کیئو فقیر لوند میں زمین کے تنازع پر جھگڑے کے دوران 2 افراد فتح خان لوند اور محمد رحیم لوند مبینہ طور پر جمالی برادری کے افراد حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔ لاڑکانہ کی یار محمد کالونی میں پٹرول سے آگ لگنے کے باعث 13 سالہ حبیب اﷲ ولد شاہنواز شیخ جھلس کر شدید زخمی ہوگیا، جسے ورثا نے علاج کیلئے چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کردیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔