کرنسی کیس ، غیر ملکی شہری کی درخواست ضمانت مسترد

کرنسی کیس ، غیر ملکی شہری کی درخواست ضمانت مسترد

ملزم کرنسی کے حصول کے قانونی ذرائع پیش کرنے میں ناکام رہا،عدالتایف آئی اے نے قانون کے مطابق سرچ وارنٹ کے بعد کارروائی کی،فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے مقدمے میں گرفتار غیر ملکی شہری انتھونی ہو سیاو یواؤ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل شہزاد جاوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے 13 ہزار سے زائد امریکی ڈالر، عراقی ریال، پرائز بانڈز اور نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے ۔

انہوں نے استدلال دیا کہ قانون کے مطابق 10 ہزار امریکی ڈالر تک اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں اور غیر ملکی کرنسی رکھنا بذات خود کوئی جرم نہیں۔ عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ غیر ملکی کرنسی رکھنے کے قانونی ذرائع اور حصول کی وضاحت ضروری ہے ۔ عدالت کے مطابق ملزم انکوائری یا عدالتی کارروائی کے دوران برآمد شدہ کرنسی کے حصول کے قانونی ذرائع یا متعلقہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق ایف آئی اے نے قانون کے مطابق سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد کارروائی کی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی نوٹ کیا کہ اس مرحلے پر ملزم کی رہائی سے تفتیش متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں