فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور
ملزم عبداللہ نے حج اور عمرے کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے عدالت کاملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے حج اور عمرے کے نام پر کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے تین مقدمات میں گرفتار ملزم عبداللہ کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزم عبداللہ کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر مسرور خان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور حج و عمرہ فراڈ سے متعلق تین مقدمات درج ہیں، جن میں سے دو مقدمات 2011 میں درج کیے گئے تھے جبکہ ایک مقدمہ رواں سال درج ہوا ہے۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم 2011 سے مقدمات میں مفرور تھا اور حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید تفتیش کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔ مسرور خان نے مزید بتایا کہ ملزم منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے ۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر حج اور عمرے کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے وصول کیے اور مبینہ طور پر انہیں دھوکہ دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے فراڈ کے باعث متعدد افراد نہ صرف مالی نقصان کا شکار ہوئے بلکہ حج اور عمرے کی سعادت سے بھی محروم رہے ۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم عبداللہ کا دو مقدمات میں چار، چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا جبکہ تیسرے مقدمے میں سات روزہ جسمانی ریمانڈ دیا۔