سکھر :انتظامی عدم توجہی،ریلوے انجن شیڈ کالونی مسائل کا شکار

سکھر :انتظامی عدم توجہی،ریلوے انجن شیڈ کالونی مسائل کا شکار

ناقص نکاسی آب،صفائی کے خراب انتظامات، سڑکوں پر پانی سے زندگی اجیرن علاقہ مکینوں اور شہری حلقوں کاکمشنر،میئر و دیگر حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندگان کی عدم توجہی کے باعث ریلوے انجن شیڈ کالونی شدید بلدیاتی مسائل کا شکار ہو گئی، ناقص نکاسی آب نظام، صفائی کے خراب انتظامات اور سڑکوں پر کھڑے پانی نے جہاں شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے وہیں سڑکیں بھی تباہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریلوے انجن شیڈ کالونی سے گزرنے والا راستہ جو بھوسہ لائن ، نیو پنڈ اور دیگر اطراف کے علاقوں سے ملتا ہے لیکن افسوس اس راستے پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ شکار ہونے کی وجہ سے شہریوں اور مسافر گاڑیوں کو شدید تکلیف اٹھانا پڑ رہی ہے ۔ ریلوے انجن شیڈ کالونی میں گٹر اور نالوں کا پانی تالاب کی شکل اختیار کر چکاہے، جس سے تعفن اور بیماریوں کا خدشہ بڑھتا جارہا ہے ۔ علاقہ مکینوں و شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے اور انہوں نے کمشنر سکھر ،ڈپٹی کمشنر ،میئر سکھر و دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور ریلوے کالونی میں صفائی، ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات سمیت سڑک کی مرمت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں