یومِ عاشور حق، صبر، قربانی اور اتحادِ امت کا پیغام دیتا ہے ، جماعت اہلسنت
کراچی(این این آئی)جماعت اہلسنت پاکستان سندھ کے رہنماؤں نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ واقع کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ سچائی، انصاف، صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف استقامت کا ابدی درس ہے ، جو ہر دور کے انسان کے لیے۔۔
مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔جماعت اہلسنت پاکستان سندھ کے امیر پیر سید سردار علی شاہ جیلانی، ڈاکٹر سید محمد عبدالوہاب اکرم قادری اور پیر محمد کمال میاں سلطانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیغامِ کربلا کا بنیادی جز ظلم اور جبر کے سامنے سرِ تسلیم خم نہ کرنا، مصائب میں صبر اختیار کرنا اور انسانی اقدار کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قربانی دینا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں عظیم قربانی دے کر امت مسلمہ کو حق و باطل میں فرق کا شعور دیا اور یہ ثابت کیا کہ سچائی اور اصولوں پر قائم رہنا ہی حقیقی کامیابی ہے ۔