نوکوٹ:بنکر میں رکھے مغوی تاجر کوپولیس نے بازیاب کرالیا
ہریش کمار 12روز سے لاپتہ تھا، سرو میگھواڑ کے گھر میں خفیہ بنکر کا انکشافمہارت سے تعمیر، شبہ نہیں ہوتا تھا، ایک ملزم گرفتار، دیگر کیلئے چھاپے جاری
نوکوٹ (نمائندہ دنیا)زرعی زمین پربنائے گئے خفیہ بنکر سے مغوی تاجر کو بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے ایک ملزم گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر مغوی ہریش مانوانی کی زرعی زمین کے قریب واقع سرو میگھواڑ کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران گھر میں زمین کے نیچے انتہائی مہارت سے تعمیر سرنگ نما خفیہ بنکر کی نشاندہی ہوئی، جہاں مغوی ہریش کمار مانوانی کو رکھا گیا تھا، جہاں سے پولیس نے نوجوان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ میڈیا ٹیم کو دکھایا گیا بنکر اس انداز سے بنایا گیا تھا کہ بظاہر کسی کو اس کی موجودگی کا شبہ تک نہ ہو، پولیس کی بروقت حکمت عملی اور مؤثر کارروائی کے باعث مغوی کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے پہلے محفوظ نکال لیا گیا۔
ابتدائی کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جبکہ واقعے سے متعلق مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ ذرائع کے مطابق رات گئے بھی نوکوٹ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مزید مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے ، تاہم پولیس کی جانب سے ان گرفتاریوں کی باضابطہ تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے اور پولیس اس پورے واقعے ، اغوا کے محرکات، منصوبہ بندی، ممکنہ سہولت کاروں اور تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دے تاکہ گردش کرنے والی افواہوں کا خاتمہ ہو سکے۔