روہڑی:دیرینہ تنازع پرمیرانی برادری کے 2افراد قتل، 3زخمی
لکھن برادری سے تنازع پرواقعہ،علاقے میں خوف، مقدمے میں نامزد 5ملزم گرفتارلاشیں حوالے ، امن برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی
روہڑی (نمائندہ دنیا)روہڑی کے علاقے چھوہارا مارکیٹ کے قریب گاؤں خانن ماچھی میں میرانی اور لکھن برادری کے درمیان پرانے تنازع پر جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں میرانی برادری کے 2 افراد عبدالحفیظ میرانی اور منٹھار میرانی قتل جبکہ رحمت اللہ میرانی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ، پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے تعلقہ اسپتال منتقل کیں۔ ورثا کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان کافی عرصے سے تنازع چلا آ رہا تھا، جس کے متعدد فیصلے بھی ہو چکے تھے ۔ انکے مطابق دونوں نوجوان ہوٹل پرچائے پی رہے تھے کہ اسی دوران لکھن برادری سے کے مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عبدالحفیظ میرانی کے بھائی محمد اسلم ولد قبول میرانی کی مدعیت میں لکھن برادری کے 14 افراد کے خلاف قتل اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ، ایف آئی آر میں نامزد 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ مہربان ولد قربان لکھن،غازی ولد پھاندھی لکھن،عرفان ولد گمٹھار لکھن،عبدالرحمن ولد غازی لکھن اور گل نواز ولد علی نواز لکھن گرفتار شدگان میں شامل ہیں۔ ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ دونوں برادریاں ایک ہی مقام پر رہائش پذیر ہیں اس لیے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے اور کشیدگی پر قابو پانے کے لیے علاقے میں عارضی پولیس پکٹ قائم اور چھوہارا منڈی،گاؤں خانن ماچھی اور گرد و نواح میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔