جامشورو:سوشل میڈیا ویڈیو پرایکشن، ایس ایچ اومانجھند معطل
شاہنواز ملہن لائن حاضر، ایس ایس پی نے غیر جانبدارانہ انکوائری کاحکم دیدیا
جامشورو (نامہ نگار)سوشل میڈیا پر تھانہ مانجھند کے ایس ایچ او شاہنواز ملہن کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کرتے ہوئے لائن حاضر کر دیا، جبکہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا بھی حکم جاری کر دیا ہے ، پولیس کے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا نے ڈی ایس پی آمری ارشد سعید کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو سمیت تمام دستیاب شواہد، حقائق اور متعلقہ ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لے کر غیر جانبدارانہ انکوائری مکمل کریں اور جلد از جلد اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کریں، تاکہ حقائق کی روشنی میں مزید محکمانہ کارروائی کی جا سکے ۔
کسی بھی افسر یا اہلکار کی جانب سے ضابطہ اخلاق یا محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت اس کیخلاف بلاامتیاز قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، عوامی اعتماد اور پولیس کے وقار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون اور محکمانہ ضابطوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی جامشورو پولیس کے مطابق انکوائری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سے عوام کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments