اسکولوں ، کالجوں میں تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز
کلاس رومز، راہداریاں اور کھیل کے میدان پھر طلبہ کی سرگرمیوں سے آبادمحکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کی حاضری، تدریسی عمل کی نگرانی بھی شروع
کراچی (این این آئی) کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمیوں کی دو ماہ طویل تعطیلات کے اختتام کے بعد پیر کے روز سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے ساتھ ہی کلاس رومز، راہداریاں اور کھیل کے میدان ایک بار پھر طلبہ کی سرگرمیوں سے آباد ہو گئے ۔ تعطیلات کے بعد پہلے روز طلبہ کی حاضری معمول کے مقابلے میں نسبتاً کم رہی، تاہم اسکول پہنچنے والے بچوں میں دوستوں اور اساتذہ سے دوبارہ ملاقات پر خوشی اور جوش و خروش نمایاں دکھائی دیا۔ متعدد تعلیمی اداروں میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر طلبہ کا استقبال بھی کیا گیا۔
والدین نے تعلیمی اداروں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل تعطیلات کے بعد بچوں کی معمول کی تعلیمی سرگرمیوں میں واپسی نہ صرف ان کی تعلیم بلکہ نظم و ضبط، ذہنی نشوونما اور سماجی تربیت کے لیے بھی ضروری ہے ۔ دوسری جانب وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تدریسی عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے ۔ وفاقی سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں 25 مئی سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات جاری رہیں، جبکہ 3 اگست سے نئے تعلیمی مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں، جبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کی حاضری، تدریسی عمل اور انتظامی امور کی معمول کے مطابق نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments