محراب پور: 20سال بعد بھی بنیادی صحت مرکز تحصیل اسپتال نہ بنا
سندھ حکومت نے درجہ بڑھانے کے بجائے اسپتال نجی تنظیم کے حوالے کردیابنیادی صحت مرکز کی عمارت بھی بوسیدہ، ٹینڈر کے باوجود کام شروع نہیں ہوسکا
محراب پور(نمائندہ دنیا)بیس سال بعد بھی بنیادی صحت مرکز کو تحصیل اسپتال کا درجہ نہیں مل سکا، شہر کو تحصیل کا درجہ ملے بیس سال گزر چکے ہیں لیکن پی پی کی سندھ حکومت اور مقامی سیاستدانوں کی نا اہلی سے بنیادی صحت مرکز کو تحصیل اسپتال کا درجہ نہیں مل سکا ہے ، الٹا اسپتال کو نجی تنظیم پی پی ایل آئی کے حوالے کر دیاگیا، بنیادی صحت مرکز کی بوسیدہ عمارت کی تعمیر نو کیلئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے ہزار ڈے پروگرام کے تحت ٹینڈر بھی جاری کیا تھا لیکن بوسیدہ عمارت کی تعمیر نو کا ٹینڈر جاری ہونے کے باوجود منصوبہ تاحال شروع نہیں ہو سکا، ذرائع کے مطابق اسپتال کی عمارت پر قبضوں اور عمارت خالی نہ کرانے کے باعث تعمیراتی کام التوا کا شکار ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی ایم، پی پی ایچ آئی ریٹائرڈ کرنل ہدایت اللہ میمن نے عمارت خالی کرانے کے لئے ضلعی صحت آفیسر(ڈی ایچ او) نوشہرو فیروز ڈاکٹر اختیار میمن سے رابطہ کیا تھا تاہم او پی ڈی اور ڈاکٹروں کے لئے متبادل جگہ دستیاب نہ ہونے کے باعث پیشرفت نہیں ہو سکی، سماجی تنظیم کے مطابق بنیادی صحت مرکز کی عمارتیں ڈی ایس پی ہاؤس، مختارکار آفس، اسسٹنٹ کمشنر آفس اور اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے زیرِ استعمال ہیں، سیاسی وسماجی رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ او پی ڈی کے لیے فوری متبادل جگہ فراہم کرکے بوسیدہ عمارت خالی کرائی جائے تاکہ ٹینڈر شدہ منصوبے پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments