شہری اور اہل خانہ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے شہری نور الحق اور ان کے اہل خانہ کے شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نادرا نے نور الحق اور ان کے خاندان کے شناختی کارڈ بلاک کر رکھے ہیں، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار اپنی شناختی دستاویزات پر سعودی عرب بھی سفر کر چکے ہیں، جس سے ان کی شناخت اور دستاویزات کی قانونی حیثیت واضح ہوتی ہے ۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے فیملی ٹری میں ایک غیر ملکی شخص کا شناختی کارڈ شامل تھا۔ ان کے مطابق اسی غیر ملکی فرد کے مبینہ جعلی شناختی کارڈ کی وجہ سے درخواست گزار اور ان کے خاندان کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ۔ درخواست گزار نور الحق نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ کس شخص کا شناختی کارڈ ان کے فیملی ٹری میں شامل کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments