ایدھی ہوم سے ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کرفرار
ملازمین میں تنخواہ تقسیم ہونا تھی، بینک سے ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے پہنچےوزیراعلیٰ اور ضیا لنجار کا واقعے کا نوٹس،آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایدھی ہوم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی ایدھی ہوم سہراب گوٹھ پر ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر لے گئے ۔انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ مسلح ڈاکوؤں نے ایدھی سینٹر کے ملازمین سے 65 لاکھ روپے لوٹ لئے ، آج تنخواہوں کا دن تھا تو ملازمین میں تنخواہ تقسیم ہونا تھی، بینک سے رقم نکال کر لائی گئی تودو موٹر سائیکلوں پر سوار 4ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے پہنچے اور 65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران اور پولیس کی نفری پہنچ گئی جنہوں نے واردات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے ، عینی شاہدین کے بیان قلمبند کیے جارہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے ،ملازمین کے مطابق 4 ملزمان ہیلمٹ پہن کر آئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں اور لاوارثوں کا سہارا ہے ، واقعے کی فوری جانچ پڑتال کرکے ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والا قابل احترام فلاحی ادارہ ہے ، ایسے فلاحی ادارے کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments