جیکب آباد:جشن آزادی پرلوڈ شیڈنگ میں 2گھنٹے کا اضافہ
سیپکو کا 18گھنٹے تک بجلی بندش کا نیا شیڈول جاری، فیصلے پرعوام کا شدید احتجاجشہر میں حبس، سٹی ٹو، شاہ لطیف، شہباز فیڈر پرصرف 4گھنٹے بجلی دینے کا اعلان
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)سیپکو حکام نے شہریوں کو شدید گرمی میں ریلیف دینے کے بجائے جشنِ آزادی کا تحفہ دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید 2 گھنٹے کا اضافہ کر دیا۔ شہر میں 18 گھنٹے تک ہولناک لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، جس کے تحت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی نام کی حد تک کر دی گئی۔ سیپکو کے جاری نئے شیڈول کے مطابق سٹی ٹو، شاہ لطیف اور شہباز فیڈرز پر 24 گھنٹوں میں صرف 4 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ شہریوں اور تجارتی حلقوں نے اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پچاس ڈگری کی قیامت خیز گرمی اور شدید حبس میں نوزائیدہ بچوں، بزرگوں اور بیماروں کا جینا دوبر کر دیا گیا۔
مظاہرین اور شہریوں نے سیپکو انتظامیہ پرسنگین الزامات عائد کئے کہ جو بااثر افراد اور مافیا سیپکو عملے کے ساتھ مل کر ماہانہ لاکھوں روپے کی بجلی چوری کر رہے ہیں، انہیں چار چار فیڈرز سے ڈائریکٹ لائنیں دے کر 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی دی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب جو غریب شہری شدید مہنگائی میں بھی ہر ماہ باقاعدگی سے بھاری بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، انہیں اس ہولناک گرمی میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے ، شہر کی تمام سیاسی، سماجی اور شہری تنظیموں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وزیر توانائی اور چیئرمین نیپرا سے مطالبہ کیا ہے کہ جشنِ آزادی پر شائع سیپکو کے شیڈول کو فوری منسوخ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments