حیدر آباد:جماعت اسلامی کا دھرنا، حافظ نعیم آج خطاب کرینگے
امیر جماعت اسلامی مظاہرین کوآئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے ، طاہر مجید
حیدرآباد (بیورورپورٹ)پٹرولیم مصنوعات پر عائد ظالمانہ ٹیکسز، پٹرولیم لیوی میں بے تحاشا اضافے اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا ساتویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے میں کارکنان، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی صورت میں عوام سے ان کا نوالہ چھینا جا رہا ہے ، جس کی جماعت اسلامی کسی صورت اجازت نہیں دیگی۔
انہوں نے اہم اعلا نات کرتے ہوئے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن آج یکم ستمبر بروز منگل رات 8 بجے دھرنے سے خصوصی خطاب کرینگے اور مظاہرین کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرینگے ۔ حافظ طاہر مجید نے اعلان کیا کہ حکومت کو جگانے اور عوامی غصے کے اظہار کے طور پر 3 ستمبر کو پورے شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ دھرنے سے خطاب کرنے والے ضلعی ذمہ داران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کی چکی سے راحت مل سکے ۔ حافظ طاہر مجید نے تاجروں، وکلاء، طلباء اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ 3 ستمبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور یکم ستمبر کو اولڈ کیمپس روڈ حیدر چوک میں ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کو یقین دہانی کروائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments