سندھ انفارمیشن کمیشن کے وفد کا ٹنڈو الٰہیار پریس کلب کا دورہ
کمیشن کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کیلئے فوکل پرسن نامزدگی کی تجویز دی
ٹنڈو الٰہیار (نامہ نگار)سندھ انفارمیشن کمیشن کے کمشنر-I محمد سلیم خان کی سربراہی میں وفد نے ٹنڈو الٰہیار پریس کلب کا دورہ کیا۔ وفد میں کمشنر نور محمد دایو اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار علی شیخ شامل تھے ۔ کمشنر-I محمد سلیم خان نے کلب کے فعال اور متحرک اقدامات کو سراہتے ہوئے سندھ انفارمیشن کمیشن کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کیلئے کلب کی جانب سے فوکل پرسن نامزد کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ انفارمیشن کمیشن سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016ء کے بارے میں عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے ۔ کمشنرز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وہاں موجود صحافیوں سے اس ضمن میں بھرپور تعاون کی درخواست بھی کی ۔ ملاقات میں شفافیت، معلومات تک رسائی اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق امور میں عوام کی بھرپور شرکت اور خصوصاً صحافیوں کے موثر کردار کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پریس کلب کے سابق صدر اور سینئر صحافی عبد الرشید جعفری نے کمیشن کے ممبران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کمیشن کی کارکردگی کو سراہا،انہوں نے کلب کی جانب سے کمیشن کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments