میرپور خاص، سانگھڑ میں ٹریفک حادثات نے 4جانیں لے لیں
گورچانی بلوچ فارم اسٹاپ پرموٹر سائیکلیں ٹکرانے سے اشوک، زین چل بسےراؤتیانی میں کار ٹرالی سے ٹکرائی، ثاقب، نعمان جاں بحق، محرابپور میں بچہ ہلاک
اندرون سندھ (نمائندگان)ٹریفک حادثات نے 5 جانیں لے لیں۔ میرپور خاص میں تھانہ میرواہ گورچانی کی حدود میں بلوچ فارم اسٹاپ کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، نوجوانوں کی شناخت اشوک کولہی، رہائشی بیر موری کے قریب، اور زین آرائیں ولد آصف فوجی رہائشی بخاری ٹاؤن میرپورخاص کے نام سے ہوئی، پولیس ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان بہلاڑو شاخ کے قریب منعقدہ میلے سے واپس میرپورخاص آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے ، تیز رفتاری کے باعث حادثہ ہوا۔ ادھر سانگھڑ میں نوابشاہ روڈ پر راؤتیانی کے قریب تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی بانس سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور دونوں نوجوان گاڑی میں پھنس گئے ۔ کار کی باڈی کاٹ کر دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکالی گئیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت چار چک کے رہائشی رانا ثاقب اور 23 چک کے رہائشی نعمان کے نام سے ہوئی ہے ۔ محراب پور کے قریب ہالانی تھانے کی حدود میں مہیسر مارکیٹ کے پاس 5 سالہ امتیاز سیال گدھا گاڑی سے گرکر ویل سر پر چڑھنے سے جاں بحق ہوگیا، بچے کا تعلق گاؤں محمد خان سیال سے تھا۔ جبکہ گاؤں دین محمد خلیفہ کلہوڑو میں زوجہ محمد سلیم کلہوڑو کو سانپ نے ڈس لیا، بروقت انجکشن لگنے سے حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments