نوجوان پرتشدد کیس،درخواست ضمانت کافیصلہ محفوظ
بدنیتی اور ذاتی عناد کی بنیاد پر مقدمے میں جھوٹا نامزد کیا گیا، وکیل صفائی وائرل ویڈیوز ملزمان کی موقع پر موجودگی کا اہم ثبوت ہیں،وکلا مدعی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے مقدمے میں نامزد ملزمان ابراہیم اور وقار کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو بدنیتی اور ذاتی عناد کی بنیاد پر مقدمے میں جھوٹا نامزد کیا گیا، ملزمان کو ہراساں، دباؤ میں لانے اور بلیک میل کرنے کے لیے مقدمے میں ملوث کیا گیا جبکہ ان کے خلاف کوئی مخصوص یا براہ راست کردار عائد نہیں کیا گیا، ملزم علی فیصل کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں اس کا کوئی براہ راست کردار بیان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اعانت یا سہولت کاری کی کوئی دفعہ شامل ہے ، اس لیے اس کی مسلسل حراست بلاجواز ہے اور وہ ضمانت کا حقدار ہے۔
مدعی کے وکلا طلحہ بلوچ اور اسامہ علی نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو بدنیتی سے نامزد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وائرل ویڈیوز ملزمان کی موقع پر موجودگی اور واقعے میں شرکت کا اہم ثبوت ہیں، ویڈیوز میں مدعی پر بیس بال بیٹ سے تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، مدعی کا بعد میں میڈیکو لیگل معائنہ ہوا جس میں چوٹیں سامنے آئی جو مبینہ تشدد کی طبی تائید کرتی ہے ، مدعی کے وکلا نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان ویڈیوز اپ لوڈ اور گردش کرنے میں بھی ملوث تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments