توہین عدالت ،چیف سیکریٹری اور ڈی جی کے ڈی اے سے جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کے ڈی اے کی جانب سے بینائی سے محروم بہن بھائی کو ملازمت پر مستقل نہ کرنے کے معاملے میں چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی کے ڈی اے سے توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے فریقین کو ایک ہفتے میں توہین عدالت کی درخواست کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے معذور کوٹے کے تحت دونوں بہن بھائی صائمہ اور مجتبیٰ کو مستقل کرنے کا حکم دیا تھا، دونوں کے ڈی اے میں کنٹریکٹ پر تعینات ہوئے تھے اور دو سے تین سال تک ملازمت کرتے رہے ۔ وکیل کے مطابق معذور کوٹے کے تحت دونوں کو مستقل کیا جانا تھا، تاہم کے ڈی اے نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے بجائے دونوں کے کنٹریکٹ بھی ختم کردیئے ۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے کی جانب سے بینائی سے محروم دونوں بہن بھائی کو ملازمت پر مستقل نہیں کیا گیا، جس پر چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی کے ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments