کشمور:بازار شاہی واہ پل کے ساتھ دکان پرفائرنگ، 2جاں بحق
کریانہ اسٹور مالک، اسکول ٹیچر شامل، لاشیں انڈس ہائی وے پررکھ کرورثا کا احتجاجمحراب پور میں ٹریفک حادثات نے 3جانیں لے لیں، نوجوان کو سانپ نے ڈس لیا
کشمور، محراب پور (نمائندگان دنیا)کشمور میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا، جبکہ محراب پور میں حادثات نے 3 جانیں لے لیں۔ کشمور میں بازار شاہی واہ پل کے ساتھ موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے کریانہ اسٹور مالک کاشف کلوڑ اور ساتھ میں بیٹھے پرائمری اسکول ٹیچر اﷲ بچایو کلوڑ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، واردات کے بعد ملزمان فرار ہو گئے ، جبکہ سینکڑوں افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے لاشیں رکھ کر انڈس ہائی وے بلاک کر دی، دو گھنٹے بعد ایس ایچ او غلام قادر جتوئی نے مظاہرین سے بات چیت کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین دن کی مہلت مانگ لی، جس پر روڈ کھول دیا گیا۔ ادھر محراب پور میں دریا خان مری تھانے کی حدود بائی پاس کے مقام پرموٹر سائیکل، گڈز رکشہ کو مسافر وین نے ٹکر مار دی، حادثے میں موٹر سائیکل سوار ال بابا ہوٹل دریا خان مری کا مالک بابر ملک جاں بحق ہو گیا ۔ جبکہ مہران ہائی وے جلالجی اسٹاپ پر ڈمپر کی ٹکر سے کار سوار ریاض حسین کیریو جاں بحق ہوگیا۔ کمال ڈیرو میں رکشہ حادثے میں زخمی معصوم بچہ دم توڑ گیا، مہران ہائی وے پر سیم نالے کے قریب ٹرالر کی زر میں آکر موٹر سائیکل سوار گاؤں عرض محمد مری کی رہائشی زوجہ عبد الغفار مری جاں بحق ہو گئی، پولیس کے مطابق زخمی دو بچوں کو ابتدائی طبی امداد بعد نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیا ہے ۔ کمال ڈیرو شہر میں علی اکبر ولد محمد مرزا کلہوڑو کو سانپ نے ڈس لیا پی پی ایچ آئی اسپتال میں بروقت طبی امداد اور انجکشن لگانے سے نوجوان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments