مدراس روڈ کی تعمیر وبحالی مکمل، وزیر بلدیات نے افتتاح کردیا
900 میٹر طویل سڑک کی تعمیر پر 34 کروڑ 23 لاکھ 90 ہزار روپے کی لاگت آئی625 میٹر برساتی پانی کی نکاسی لائن تعمیر، بھلائی، ترقی، امن مشن پرہیں، ناصر شاہ
کراچی(خبر ایجنسیاں)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اسکیم 33 میں مدراس روڈ کاافتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری بھی موجود تھے ۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسکیم 33 میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کراچی کے بہتر مستقبل کی جانب اہم قدم ہے ، کراچی کی ترقی اورشہریوں کوبہتر سہولیات فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیکڑوں چھوٹی بڑی شاہراہوں پرکام جاری ہے ، کے ڈی اے کی انجینئرنگ ٹیم نے مدراس روڈ منصوبہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا۔ حکومت بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق بھلائی، ترقی اور امن مشن پر کاربند ہے ۔ ادارے باہمی تعاون اور ذمہ داری سے کام کریں توکراچی کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوسکتی ہے ۔ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین کے مطابق مدراس روڈمنصوبے پر34 کروڑ 23 لاکھ 90 ہزار روپے لاگت آئی۔ منصوبے میں 900 میٹر طویل دورویہ سڑک تعمیر کی گئی ہے ، جبکہ 625 میٹر طویل برساتی پانی کی نکاسی کی لائن بھی بچھائی گئی ہے ۔24 انچ قطر کی نکاسی آب کی لائن سے علاقے میں بارش کے پانی کی نکاسی بہتر ہوگی اور شہریوں کو آمدورفت کی محفوظ سہولت میسر آئے گی۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسکیم 33 میں دو ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے علاقے کے شہریوں کے لیے تحفہ ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نمائندوں نے گلی محلوں میں شہریوں سے جو وعدے کیے تھے وہ تیزی سے پورے کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments