رینجرز،پولیس کاآپریشن،2بھتہ خور زخمی حالت میں گرفتار
عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے تعلق ،ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد محمد کاشف گجراتی اور یاسر بلڈرز کو بھتے کے لیے دھمکی اورفائرنگ میں ملوث ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے نیو کراچی میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ بھتہ خوروں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت محمد کاشف گجراتی اور یاسر عرف درویش کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے ، جو ضلع وسطی اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری افراد اور بلڈرز کو بھتے کے لیے دھمکی آمیز کالز کرنے اور رقم نہ دینے پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کاشف گجراتی مبینہ طور پر عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے دست راست صادق عرف امر تمر کا قریبی ساتھی ہے اور 2023 سے گروپ کے لیے ریکی، بھتہ وصولی اور بھتہ نہ دینے والوں پر فائرنگ سمیت اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔ دوران تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ اپریل 2026 میں ناظم آباد میں واقع جے رینٹ اے کار پر بھتہ نہ دینے کے باعث فائرنگ میں بھی وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شامل تھا۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق اگست 2026 میں گرفتار ملزمان نے نیو کراچی میں گو جابا سوئیٹس اور کھتری بریانی کی ریکی کرکے ویڈیوز عبدالصمد کاٹھیاواڑی کو بھجوائی تھیں، جس کے بعد مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر ان مقامات پر فائرنگ بھی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments