میرپور خاص:پولیس اہلکار اور اس کا بھائی گٹکے سمیت گرفتار
غفور مکرانی، کریم بخش سے گٹکے کی 1870پڑیاں برآمد، مقدمہ درج کرلیا گیاچند روز قبل مہران کے علاقے سے اہلکار اور اسکا بیٹا منشیات سمیت گرفتار ہو چکے
میرپورخاص(بیورورپورٹ )پولیس نے گٹکا فروشی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت اس کے بھائی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے گٹکے کی مجموعی 1,870 پڑیاں برآمد کرلیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ، ایس ایچ او تھانہ غریب آباد انسپکٹر عبدالمالک ابڑو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ایس ایل ڈی پھاٹک کے قریب دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غفور مکرانی ولد سفر علی اور اس کے بھائی کریم بخش مکرانی ساکنان آدم کمپاؤنڈ کو گرفتار کیا ہے ، ملزمان کے خلاف تھانہ غریب آباد میں ایف آئی آر نمبر 85/2026، زیر دفعہ 4/8 ایس پی پی ایم، درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مہران تھانے کی پولیس نے بھی مبینہ منشیات فروشی کے الزام میں پولیس اہلکار طارق عرف کالا اور اس کے بیٹے جمشید کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ضلع بالخصوص شہر میں ماضی میں بھی بعض پولیس اہلکاروں پر منشیات فروشوں کی سرپرستی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہلکاروں کو ماضی میں متعدد بار بی کمپنی میں بھی رکھا جاچکا ہے ، شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات اور مضرِ صحت گٹکے کے کاروبار میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments