سانگھڑ:پلاٹ کے تنازع پر2بھائیوں میں جھگڑا، ایک قتل
شاہپور چاکر کے علاقے میں گل خان نشانہ بنا، پولیس نے ملزم بیٹے سمیت پکڑلیامیرپور خاص میں بچے کی لاش برآمد، جھڈو کارہائشی چکوال حادثے میں جاں بحق
اندرون سندھ (نمائندگان)سانگھڑ، میرپور خاص اور جھڈو کے 3رہائشی مختلف واقعات میں جاں بحق ہوگئے۔ سانگھڑ کے نواحی علاقے شاہپور چاکر کے گاؤں احمد آباد میں پلاٹ کے تنازع پر شر برادری کے دو بھائیوں میں جھگڑے کے دوران مبینہ فائرنگ سے فوجی گل خان شر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے بھائی اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ میرپور خاص کے علاقے سمن آباد میں کچرا منڈی سے ثاقب شاہ نامی 8 سالہ بچے کی لاش ملی جس کی اطلاع علاقہ مکینوں نے پولیس کو دی، جس پر پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کیا۔
ثاقب شاہ کے والد رضوان نے میڈیا کو بتایا کہ بچہ دو گھنٹے قبل گھر سے باہر کھیلنے گیا تھا، علاقہ کے ایک بزرگ نے ثاقب کی لاش خالی پلاٹ میں موجود ہونے کا بتایا جس کے بعد وہاں پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ اس موقع پر ایس ایچ او محمودآباد بھی موقع پر موجود تھے ، تاہم موت کی وجہ تاحال سامنے نہ آ سکی، دوسری جانب محمد بخش پہنور کی لاش شادی پلی کے قریب مٹھڑاؤ کینال سے برآمد کر لی گئی۔ ادھر جھڈو کا رہائشی پاک آرمی کا جوان چکوال موٹر وے پر حادثے کا شکار ہو کر انتقال کرگیا، محمد ارسلان قائم خانی چھٹی گزارنے کے بعد واپس ڈیوٹی پر جاتے چکوال موٹر وے پر کوچ الٹنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments