پیپلز پارٹی یوم تاسیس پرتمام اضلاع میں جلسے کریگی، طارق تالپور
بلاول ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ، پی پی میرپور خاص ڈویژن کا اجلاس بلاول کی کراچی پریس کلب میں تقریر کی حمایت، سندھ تقسیم نہیں ہونے دینگے ، رہنما
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کا اہم اجلاس صوبائی وزیر میر طارق علی خان تالپور کی میزبانی میں ہوا، جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں کی گئی تقریر کی بھرپور حمایت اور تائید کرتے ہوئے سندھ کی تقسیم سے متعلق وفاقی وزرا اور ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق میرپورخاص ڈویژن کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں شاندار عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے جن سے بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
اجلاس میں ڈویژنل صدر ڈاکٹر مہیش ملانی، رکن قومی اسمبلی میر منور علی خان تالپور، صوبائی وزیر میر طارق علی خان تالپور، سندھ اسمبلی کے ارکان فقیر شیر محمد بللاڑی اور امیر احمد شاہ، میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری، وائس چیئرمین ضلع کونسل میر حاجی احمد خان تالپور، ٹاؤن کمیٹی ڈگری کے چیئرمین میر ذوالفقار علی خان تالپور، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر جنید بلند سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش ملانی نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے غیر ضروری بیانات دیے جا رہے ہیں، تاہم بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے واضح عزم کیا ہے کہ سندھ کو کسی بھی صورت تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments