میرپور خاص:سرکاری گندم کی تقسیم میں مبینہ رشوت وصولی
بند فلور ملوں کوگندم کی فراہمی پرسوالات، چکی مالکان کا حکام سے نوٹس کامطالبہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص میں سرکاری گندم کی تقسیم، چالان جاری کرنے اور گندم کی فراہمی کے نام پر مبینہ رشوت وصولی کا معاملہ سامنے آنے پر آٹا چکی مالکان نے محکمہ خوراک کے متعلقہ افسران کے خلاف شکایات کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ چکی مالکان کے مطابق ڈی ایف سی کی جانب سے گندم کے چالان جاری کرنے کے لیے مبینہ طور پر فی بوری ایک ہزار روپے جبکہ گودام انچارج عرفان خاور کی جانب سے فی بوری 200 روپے طلب کیے جا رہے ہیں، جس سے مجموعی مبینہ وصولی 1200 روپے فی بوری تک پہنچ جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق میرپورخاص کی چھ فلور ملوں میں سے صرف ایک فعال ہے جبکہ باقی پانچ بند پڑی ہیں، اس کے باوجود مبینہ طور پر تمام فلور ملوں کو 5500، 5500 بوریاں سرکاری گندم فراہم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
جس نے گندم کی تقسیم کے نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، سرکاری گندم کی قیمت 11 ہزار 250 روپے فی بوری جبکہ اوپن مارکیٹ میں قیمت 15 ہزار 600 روپے بتائی جا رہی ہے ، جس کے مطابق فی بوری 4 ہزار 350 روپے کا فرق بنتا ہے ۔ 5500 بوریوں پر یہ فرق تقریباً 2 کروڑ 39 لاکھ 25 ہزار روپے بنتا ہے ، جبکہ مبینہ 1200 روپے فی بوری وصولی کے حساب سے 66 لاکھ روپے کی رقم بنتی ہے ، چکی مالکان کا کہنا ہے کہ جب عوام کی بڑی تعداد فلور ملوں کے بجائے آٹا چکیوں سے آٹا خریدتی ہے تو بند فلور ملوں کو سرکاری گندم فراہم کرنے کا جواز کیا ہے ؟ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments